11 اگست 2012 - 19:30

بجلی کے نرخوں میں چوبیس پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی گئی .

ابنا: حکومت نے رمضان میں عوام کو مہنگائی کا ایک اورتحفہ دے دیا۔ بجلی کے نرخوں میں چوبیس پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی گئی . ٹیرف میں حالیہ اضافہ جون کے مہینے کے لیے کیا گیا جو ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے ۔نیپرا میں سماعت کے دوران سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے نمائیندوں کا کہنا تھا کہ جون کے مہینے میں فرنس آئیل سے بجلی پیدا کرنے سے لاگت میں تینتیس پیسے فی یونٹ اضافہ ہوا ہے۔گیس ڈویلپمنٹ سر چارج کے اطلاق سے چھ پیسے فی یونٹ اضافہ ہوا جس کے باعث بجلی کی پیداواری لاگت مجموعی طور پر چھبیس پیسے بڑھ گئی ہے۔سترہ پیسے فی یونٹ بجلی لائین لاسز اور چوری کی نظر ہوئی۔ سماعت کے بعد نیپرا نے چوبیس پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ۔ ، یہ اضافہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے . ملک میں بجلی تقسیم کار کی تمام نو کمپنیوں کے بجلی نزخوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافہ کی پٹیشن پر ، اسلام آباد میں نیپر ا نے سماعت کی ، نیپرا نے فی یونٹ 24 پیسے کا اضافہ منظور کرلیا جو کہ ماہ جون میں استعمال کی گئی بجلی پر لاگو ہوگا، اس کی وصولی کے مہینے کا تعین بعد میں کیا جائے گا، بجلی نزخوں میں اس اضافے کا کے ای ایس سی اور لائف لائن صارفین پر نفاذ نہیں ہوگا۔ادھرملک بھر کے شہری و دیہی علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 16سے 18 گھنٹوں تک جا پہنچا ہے.چیچہ وطنی میں بجلی کی بندش پر وکلا نے کام بند کردیا.سندھ کے شہری و دیہی علاقوں میں بد ترین لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے.حیدرآباد،ٹنڈو باگو،ٹنڈو محمد خان اور سکھر میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 8گھنٹے تک جاپہنچا ہے.جیکب آباد اور بدین کے شہری علاقوں میں 10اور دیہی علاقوں میں 12گھنٹوں تک بجلی بند رہتی ہے. پنجاب کے کئی علاقوں میں سحر و افطار کے اوقا ت میں کئی کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ سے لوگ تنگ آگئے ہیں. بلوچستان میں جعفرآباد،نصیرآباد، جھل مگسی ، بولان اور سبی ،چمن ،لورالائی،قلعہ سیف اللہ میں روزانہ 16سے 18گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے. خیبر پختونخوا کے ایبٹ آباد،نوشہرہ ،کرک ،کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت دیہی و شہری علاقوں میں بھی بجلی کی بندش سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے.

.......

/169